ذرا اس خود اپنے ہی
جذبوں سے مجبور لڑکی کو دیکھو
جو اک شاخ گل کی طرح
ان گنت چاہتوں کے جھکولوں کی زد میں
اڑی جا رہی ہے
یہ لڑکی
جو اپنے ہی پھول ایسے کپڑوں سے شرماتی
آنچل سمیٹے نگاہیں جھکائے چلی جا رہی ہے
جب اپنے حسیں گھر کی دہلیز پر جا رکے گی
تو مکھ موڑ کر مسکرائے گی جیسے
ابھی اس نے اک گھات میں بیٹھے
دل کو پسند آنے والے
شکاری کو دھوکا دیا ہے
نظم
ایک لڑکی
منیر نیازی