دل کا پھیلاؤ تو زمین کا پھیلاؤ ہے
گندم پھل شیشم اور پانی
پھر لڑکی اور ہوا میں
نغمہ دل کے پرندوں کا
ان زندوں کا جو غیر منافع بخش زمین پہ رہتے ہیں
پانی شیشم بچہ لڑکی تیز ہوا اور پھل میں
خواب ہے صبح صادق کا
ان عورتوں کا جو دوسروں کی مرضی سے بیاہی جاتی ہیں
ان بوسوں کا
جو گاڑی کی سیٹی سے ڈر جاتے ہیں
شہر میں کون ہے
جس نے آنکھ میں دریا
دل میں سمندر
دیکھا اور تسلیم کیا ہے
دل کا پھیلاؤ تو زمین کا پھیلاؤ ہے
جس میں پانی شیشم گندم بچہ
لڑکی تیز ہوا اور پھل کی
رہائش گاہیں ہیں
نظم
دل کا پھیلاؤ
اصغر ندیم سید