سفید کاغذ پر
پنسل کے چلنے کی آواز
بہت کم ہے
سڑک پر ٹینک گزرنے کی آواز
اس سے کچھ زیادہ ہے
اور شاید میری آواز
ان دونوں آوازوں سے زیادہ ہے
مگر سب سے زیادہ ہے
چڑیوں کا شور
بڑھتا ہی رہتا
جب ایک شکاری آتا ہے
ہوا میں بندوق چلاتا ہے
ایک چڑیا خوف سے مر جاتی ہے
باقی شور مچاتی ہیں
چڑیوں کا شور زیادہ ہو جاتا ہے
شکاری کو مار دیتا ہے
نظم
چڑیوں کا شور
ذیشان ساحل