سونی سونی تھی فضا
میں نے یوں ہی
اس کے بالوں میں گندھی خاموشیوں کو چھو لیا
وہ مڑی
تھوڑا ہنسی
میں بھی ہنسا
پھر ہمارے ساتھ
ندیاں وادیاں
کہسار بادل
پھول کونپل
شہر جنگل
سب کے سب ہنسنے لگے
اک محلے میں
کسی گھر کے
کسی کونے کی
چھوٹی سی ہنسی نے
دور تک پھیلی ہوئی دنیا کو
روشن کر دیا ہے
زندگی میں
زندگی کا رنگ پھر سے بھر دیا ہے

نظم
چھوٹی سی ہنسی
ندا فاضلی