ہماری تنہائی سے
ایک لالٹین بنائی جا رہی ہے
جسے طوفانی بارش میں
ہنگامی طور پر استعمال کیا جائے گا
یا سونے کی کان میں کام کرنے والوں کو
مفت فراہم کیا جائے گا
ہماری تنہائی سے
ایک بگھی بنائی جا رہی ہے
جسے تفریحی مقامات پر رکھا جائے گا
یا ایکسپریس ٹرین کے
پٹری سے اتر جانے کے بعد
خراب موسم میں
روانہ کیا جائے گا
ہماری تنہائی سے
ایک پل بنایا جا رہا ہے
جسے جنگ کے دوران یا بعد میں
ٹینکوں کے گزر جانے کے لیے
استعمال کیا جائے گا
یا اچانک
دھماکے سے اڑا دیا جائے گا
ہماری تنہائی سے
ایک چاقو بنایا جا رہا ہے
جسے کاغذ کاٹنے اور سیب تراشنے کے
کام میں لایا جائے گا
اور
زنگ آلود ہونے پر
ہمارے دل میں
اتار دیا جائے گا
نظم
چاقو
ذیشان ساحل