عہد پارینہ میں بھی
زیست پر تھا وہم کا کتنا اثر
ایک اوریکل کی تلقیں مان کر
شاہ آگستس کی بیوی لیویاؔ
اپنی انگیا کی فضائے گرم میں رکھتی تھی اک مرضی کا انڈا روز و شب
اس کو یہ وشواس تھا
اس کے ہونے والے بچے اور اس چوزے کی جنس
ایک ہوگی آخرش یوں ہی ہوا
آشیاں گرم و شوخ و نرم سے
ایک نر نکلا تو اس کی کوکھ سے بھی ایک نر پیدا ہوا ٹایبیریس
اور پھر اس اتفاقی واقع نے تو زنان روم میں
عام کر دی بیضۂ محرم کی تربیت کی رسم
نظم
بیضۂ محرم
کرشن موہن