یہ بدن
جسے میں
بہترین غذائیں کھلاتا رہا
پانی کی جگہ
شراب پلاتا رہا
یہی بدن
مجھ سے کہتا ہے
جاؤ
دفع ہو جاؤ
جنت کے مزے اڑاؤ
کہ دوزخ کے عذاب اٹھاؤ
میری بلا سے
میں تو اب
قبر میں سو رہوں گا
مٹی ہوں
مٹی کا ہو رہوں گا!!

نظم
بدن کا فیصلہ
محمد علوی