EN हिंदी
با عزت طریقے سے جینے کے جتن | شیح شیری
ba-izzat tariqe se jine ke jatan

نظم

با عزت طریقے سے جینے کے جتن

سدرہ سحر عمران

;

گذشتہ آل پارٹیز کانفرنس میں
طے ہوا تھا

کہ شہر بھر کی تاریکی
آنکھ کے بوسیدہ پیالوں میں انڈیل کر

صبح، دوپہر، شام باقاعدگی سے استعمال کی جائے
تو اندھیروں میں جوتیاں ٹٹولنا

سہل ہو جائے گا
کون ننگے پاؤں محل کی طرف جائے

کہ راستے میں اچکوں کے خوف سے
کانچ کی زمین بچھا دی گئی ہے

ہمارے احتجاجی بینرز زور دار ہوا چلنے کے باعث
ہمارے سروں پہ الٹ پڑے

اور ابھرے ہوئے گومڑوں کو تاریکی نے چھپا لیا
اس کے باوجود ہماری آنکھیں

اندھیرے میں دیکھ سکتی ہیں
دیکھ سکتی ہیں کہ دائیں بائیں رہنے والوں نے

آنکھوں کو بدن میں غیر ضروری سمجھا
اور محل والوں کو عطیہ کر دیں

اگر اس برس بیرونی گاہکوں کی آمد و رفت
محدود رہی تو عین ممکن ہے

ہماری جوتیاں ہمارے سروں سے اتار کر
پیروں میں پہنا دی جائیں