EN हिंदी
آج شب کوئی نہیں ہے | شیح شیری
aaj shab koi nahin hai

نظم

آج شب کوئی نہیں ہے

فیض احمد فیض

;

آج شب دل کے قریں کوئی نہیں ہے
آنکھ سے دور طلسمات کے در وا ہیں کئی

خواب در خواب محلات کے در وا ہیں کئی
اور مکیں کوئی نہیں ہے،

آج شب دل کے قریں کوئی نہیں ہے
کوئی نغمہ، کوئی خوشبو، کوئی کافر صورت

کوئی امید، کوئی آس مسافر صورت
کوئی غم، کوئی کسک، کوئی شک، کوئی یقیں

کوئی نہیں ہے
آج شب دل کے قریں کوئی نہیں ہے

تم اگر ہو، تو مرے پاس ہو یا دور ہو تم
ہر گھڑی سایہ گر خاطر رنجور ہو تم

اور نہیں ہو تو کہیں۔۔ کوئی نہیں، کوئی نہیں ہے
آج شب دل کے قریں کوئی نہیں ہے