ایک شاعر
اور زیادہ شاعر ہونے میں
کیا فرق ہے
کوئی فرق نہیں
بس یہی کافی ہے
کہ آپ شاعر ہیں
پھر بھی میں اس صورت حال کو
واضح طور پر سمجھنا چاہتا ہوں
لیکن ہم یہ ضروری نہیں سمجھتے
ہمارے لیے تو شاعر
زیادہ شاعر یا بہت زیادہ شاعر ہونا
ایک ہی بات ہے
اس کا مطلب تو یہ ہوا
کہ صرف شاعر ہونا
آپ کے لیے
کوئی اہمیت ہی نہیں رکھتا
شاید ایسا ہی ہو
لیکن آپ ناراض نہ ہوں
اگر شاعر ہیں تب بھی
ہمارے لیے
شاعر ہونا یا نہ ہونا
سب برابر ہے
ہمیں تو یہ بھی نہیں معلوم
کہ شاعر اور پولس والے میں سے
کون زیادہ حساس ہے
جس شہر میں شاعروں کی آبادی
فی مربع کلو میٹر سب سے زیادہ ہو
وہاں پولس والے
شاعروں سے زیادہ حساس ہو سکتے ہیں
اور پھر
پولس والوں کی جان کو خطرہ بھی زیادہ ہے
شاعر تو صرف
اپنے خوابوں ہی کو روتے رہتے ہیں
انہیں کسی بات کی پروا نہیں
مگر آپ یہ سب کچھ کیوں پوچھ رہے ہیں
کون ہیں آپ
کیا کرتے ہیں
کہاں رہتے ہیں
میں خواب دیکھتا ہوں
اور انہیں میں رہتا ہوں
فی مربع کلو میٹر
پولس والوں سے زیادہ
شاعروں کی آبادی والے
ضلع سطحی کی حدود میں
نظم
مکالمہ زید سے
ذیشان ساحل