زندگی ایک خواب ہے
میرے لیے محبت کا طویل اور اذیت ناک خواب
میں دنیا کے ہنگاموں سے غافل ہوں
انسانوں کا شور میری ذات کی سرحدوں پر رک جاتا ہے
اندر آنا منع ہے
میرے دل کا دروازہ بند ہے
میرا کوئی گھر نہیں
میں اپنے پاگل پن کے ریگستان میں بھٹک رہا ہوں
میں اپنے اندر سفر کر رہا ہوں
میں باہر نہیں نکل سکتا
میں اپنی خواہش کے مطابق عمل نہیں کر سکتا
میں برزخ میں ہوں
جنت اور جہنم باہر ہیں
میرے لیے باہر صرف ایک عورت ہے
دنیا میرے لیے نہیں ہے
میں اپنی تنہائی میں قید ہوں
حقیقت سے بے خبر اور غافل
ایک عورت کے خیال میں کھویا ہوا
محبت کے طویل اور اذیت ناک خواب میں مبتلا
یہ مسلسل جاں کنی کی حالت
کیا یہ زندگی ہے
نظم
نظم
زاہد ڈار