EN हिंदी
نینسی | شیح شیری
nensi

نظم

نینسی

تنویر انجم

;

صحرا میں جہاں کیکٹس کے درخت زیادہ ہیں
اس نے اک سائبان اور اک بنچ بنائی ہے

جس پر نینسی آرام سے اس کی آغوش میں
لیٹ یا بیٹھ سکتی ہے

پورے چاند کی رات میں
نینسی اس سے ملنے ضرور آتی ہے

اور اس بنچ پر
اس کے کاندھے پر سر رکھ کر

اس سے باتیں کرتی ہے
یا وہ خاموشی سے

چاند صحرا اور کیکٹس کے درختوں کو دیکھتے رہتے ہیں
اس دوران وہ اپنا دایاں ہاتھ

نینسی کی کمر کے گرد ڈالے رہتا ہے
اگر نینسی کو نیند آ جاتی ہے

وہ بالکل ساکت ہو جاتا ہے
تاکہ وہ جتنی دیر سو سکتی ہے

سوتی رہے
نینسی

جو پٹیر کی بیوی
اور ڈگلس کی بہن ہے

اور پورے چاند کی رات میں
انہیں دھوکا دے کر اس سے ملتی ہے

اگر کسی رات بنچ پر
دیر تک سوتی رہ جائے

وہ تیز رفتار گاڑی اور شکاری بندوق کے ساتھ
نینسی کو ڈھونڈتے ہوئے آ جاتے ہیں

اور اسے اکیلا سوتا ہوا پا کر
گاڑی میں ڈال کر لے جاتے ہیں