EN हिंदी
زندگی تیرے عجب ٹھور ٹھکانے نکلے | شیح شیری
zindagi tere ajab Thor-Thikane nikle

غزل

زندگی تیرے عجب ٹھور ٹھکانے نکلے

اکمل امام

;

زندگی تیرے عجب ٹھور ٹھکانے نکلے
پتھروں میں تری تقدیر کے دانے نکلے

درد ٹیس اور جلن سے ہیں ابھی ناواقف
زخم جو بچے ہتھیلی پہ اگانے نکلے

میں تو ہر شے کا خریدار ہوں لیکن وہ آج
اتنی جرأت کہ مرے دام لگانے نکلے

نئی تحقیق نے قطروں سے نکالے دریا
ہم نے دیکھا ہے کہ ذروں سے زمانے نکلے

تلخ جملوں کے کہاں تیر خطا ہو پائے
دیکھنے میں تو غلط اس کے نشانے نکلے

ذہن میں اجنبی سمتوں کے ہیں پیکر لیکن
دل کے آئینے میں سب عکس پرانے نکلے

دے نہ پایا وہ کوئی وعدہ خلافی کا جواز
مضمحل اس کے نہ آنے کے بہانے نکلے

میں تو خوشیوں کے اگاتا رہا پودے اکملؔ
اور ہر شاخ پہ زخموں کے خزانے نکلے