زندگی کھنچ گئی مجھ سے ترے ابرو کی طرح
اپنے ہی خون کا پیاسا ہوں لب جو کی طرح
وہ ستارا جو مرے نام سے منسوب ہوا
دیدۂ شب میں ہے اک آخری آنسو کی طرح
شعلۂ سوز دروں سرد ہوا جاتا ہے
کوئی سمجھائے صبا کو کہ چلے لو کی طرح
کوئی دیوانہ اٹھے خاک اڑانے کے لئے
آج بھی دشت ہیں پھیلے ہوئے بازو کی طرح
اس بھرے شہر میں کرتا ہوں ہوا سے باتیں
پاؤں پڑتا ہے زمیں پر مرا آہو کی طرح
شبنمی ہاتھ بڑھاؤں کہ کھلے دروازہ
بن کھلے پھول کے زنداں میں ہوں خوشبو کی طرح
چاہتے ہیں جو مظفرؔ غم ہستی سے فرار
بیٹھ جائیں وہ گڑھا کھود کے سادھو کی طرح

غزل
زندگی کھنچ گئی مجھ سے ترے ابرو کی طرح
مظفر وارثی