زہے کوشش کامیاب محبت
ہمیشہ رہے ہم خراب محبت
سکون محبت جو ممکن نہیں ہے
بڑھا دیجئے اضطراب محبت
جھکی جا رہی ہیں وہ معصوم نظریں
دیا جا رہا ہے جواب محبت
بلا واسطہ ہم سے آنکھیں ملاؤ
رہے درمیاں کیوں حجاب محبت
تری بزم جنت تھی لیکن کروں کیا
اٹھا لے گیا اضطراب محبت
نہ ترسا نہ ترسا محبت کے ساقی
پلا دے پلا دے شراب محبت
ہوئے ہیں وہ جس دن سے ناراض شعریؔ
ترقی پہ ہے اضطراب محبت
غزل
زہے کوشش کامیاب محبت
شعری بھوپالی