ضبط سے نا آشنا ہم صبر سے بیگانہ ہم
کیوں کسی سے مانگتے جائیں چراغ خانہ ہم
خود ہی ساز بے خودی کو چھیڑ دیتے ہیں کبھی
خود ہی سنتے ہیں حدیث ساغر و پیمانہ ہم
دفعتاً ساز دو عالم بے صدا ہو جائے گا
کہتے کہتے رک گئے جس دن ترا افسانہ ہم
شمع ایوان حرم ہو یا چراغ طاق دیر
ہم کو دونوں سے تعلق ہے کہ ہیں پروانہ ہم
دل جلا پھر خود جلے پھر ساری دنیا جل اٹھی
سوز لائے تھے بمقدار پر پروانہ ہم
جب ہمیں دیوانہ بننا ہے تو کیسی مصلحت
مصلحت کو بھی بنا لیں گے ترا دیوانہ ہم
بسکہ ہے سیمابؔ بے مہری یگانوں کا شعار
ہیں رہین التفات خاطر بیگانہ ہم
غزل
ضبط سے نا آشنا ہم صبر سے بیگانہ ہم
سیماب اکبرآبادی