یوں نہیں چین تو غفلت کا ستم اور سہی
ہم یہ سمجھیں گے کہ افزائش غم اور سہی
تم نہ آؤ گے تو کیا جان نہ جائے گی مری
آمد و رفت نفس کی کوئی دم اور سہی
کہتے ہیں ظلم کے بعد آہ کرو گے تو کیا
لشکر جور و جفا میں یہ علم اور سہی
جھک کے ملنے سے تمہارے مجھے خوف آتا ہے
گو یہ خم اور سہی تیغ کا خم اور سہی
اصل میں جلوہ یہ کس کا ہے تو ہی کہہ واعظ
تیرا رب اور سہی میرا صنم اور سہی
وعدۂ وصل کی تکرار پہ کہتے ہیں کہ جھوٹ
انہیں عہدوں میں ترے سر کی قسم اور سہی
جشن جمشید میسر ہے کہ دل رکھتے ہیں
جام یہ اور سہی ساغر جم اور سہی
خوب ہے تم میں جفا کی نہ رہے گی عادت
میرے بدلے بھی رقیبوں پہ کرم اور سہی
غزل
یوں نہیں چین تو غفلت کا ستم اور سہی
میر محمد سلطان عاقل