EN हिंदी
یوں خوش گمان رکھا گیا عمر بھر مجھے | شیح شیری
yun KHush-guman rakkha gaya umar bhar mujhe

غزل

یوں خوش گمان رکھا گیا عمر بھر مجھے

ندیم فاضلی

;

یوں خوش گمان رکھا گیا عمر بھر مجھے
ہر شام سے ملی ہے نوید سحر مجھے

میں تھا جو حد جسم سے آگے نہ بڑھ سکا
وہ لے گیا بدن سے مرے چھین کر مجھے

میں ضائع ہو چکا ہوں بہت کھیل کھیل میں
اے وقت اب نہ اور لگا داؤ پر مجھے

میرے لیے قضا ہے ابھی دائمی حیات
کچھ لوگ چاہتے ہیں ابھی ٹوٹ کر مجھے

ہونا ہے معتبر مجھے اپنی نگاہ میں
کب اعتبار بخشے گی تیری نظر مجھے

میری طرح ندیمؔ اسے ہچکیاں نہ آئیں
جو سوچتا ہے رات کے پچھلے پہر مجھے