EN हिंदी
یہ طبیعت ہے تو خود آزار بن جائیں گے ہم | شیح شیری
ye tabiat hai to KHud aazar ban jaenge hum

غزل

یہ طبیعت ہے تو خود آزار بن جائیں گے ہم

احمد فراز

;

یہ طبیعت ہے تو خود آزار بن جائیں گے ہم
چارہ گر روئیں گے اور غم خوار بن جائیں گے ہم

ہم سر چاک وفا ہیں اور ترا دست ہنر
جو بنا دے گا ہمیں اے یار بن جائیں گے ہم

کیا خبر تھی اے نگار شعر تیرے عشق میں
دلبران شہر کے دل دار بن جائیں گے ہم

سخت جاں ہیں پر ہماری استواری پر نہ جا
ایسے ٹوٹیں گے ترا اقرار بن جائیں گے ہم

اور کچھ دن بیٹھنے دو کوئے جاناں میں ہمیں
رفتہ رفتہ سایۂ دیوار بن جائیں گے ہم

اس قدر آساں نہ ہوگی ہر کسی سے دوستی
آشنائی میں ترا معیار بن جائیں گے ہم

میرؔ و غالبؔ کیا کہ بن پائے نہیں فیضؔ و فراقؔ
زعم یہ تھا رومیؔ و عطارؔ بن جائیں گے ہم