یہ شبنم پھول تارے چاندنی میں عکس کس کا ہے
سنہری دھوپ چھاؤں روشنی میں عکس کس کا ہے
یہ ڈھلتی شام یہ قوس قزح کی رنگ آمیزی
یہ نیلے آسماں کی دل کشی میں عکس کس کا ہے
سہانی شب لئے آغوش میں خوابوں کی پریوں کو
چمکتے دن کی اس افسوں گری میں عکس کس کا ہے
انا کی سرکشی امید ارماں خواب کی دنیا
دھڑکتے دل فسون زندگی میں عکس کس کا ہے
یہ سیدؔ خواب سے ترشے ہوئے نازک حسیں پیکر
نقوش رشک سحر سامری میں عکس کس کا ہے

غزل
یہ شبنم پھول تارے چاندنی میں عکس کس کا ہے
سید شکیل دسنوی