یہ کس خلش نے پھر اس دل میں آشیانہ کیا
پھر آج کس نے سخن ہم سے غائبانہ کیا
غم جہاں ہو رخ یار ہو کہ دست عدو
سلوک جس سے کیا ہم نے عاشقانہ کیا
تھے خاک راہ بھی ہم لوگ قہر طوفاں بھی
سہا تو کیا نہ سہا اور کیا تو کیا نہ کیا
خوشا کہ آج ہر اک مدعی کے لب پر ہے
وہ راز جس نے ہمیں راندۂ زمانہ کیا
وہ حیلہ گر جو وفا جو بھی ہے جفاخو بھی
کیا بھی فیضؔ تو کس بت سے دوستانہ کیا
غزل
یہ کس خلش نے پھر اس دل میں آشیانہ کیا
فیض احمد فیض