EN हिंदी
وہ رعب حسن تھا اس کا سلام بھول گیا | شیح شیری
wo roab-e-husn tha us ka salam bhul gaya

غزل

وہ رعب حسن تھا اس کا سلام بھول گیا

ناصر زیدی

;

وہ رعب حسن تھا اس کا سلام بھول گیا
کرا سکا نہ تعارف میں نام بھول گیا

ادھر ادھر کی ہوئی خوب گفتگو اس سے
بہت ضروری تھا سب سے جو کام بھول گیا

غم جہاں نے کیا اس قدر خراب کہ میں
جو دوستوں میں گزاری تھی شام بھول گیا

زبان غیر سے میں تیرا تذکرہ سن کر
ذرا سی دیر میں سب احترام بھول گیا

رکھا جو اس نے محبت سے ہاتھ کاندھے پر
جو دل میں درد تھا میرے تمام بھول گیا

یہ کیسی راہ تمنا تھی میرے پیش نظر
چلا تو چل کے فقط چند گام بھول گیا

میں اس کی ذات میں گم اس طرح ہوا ناصرؔ
کہاں کے ہوش و خرد سب کلام بھول گیا