EN हिंदी
وہ کون ہے جس کی وحشت پر سنتے ہیں کہ جنگل روتا ہے | شیح شیری
wo kaun hai jis ki wahshat par sunte hain ki jangal rota hai

غزل

وہ کون ہے جس کی وحشت پر سنتے ہیں کہ جنگل روتا ہے

شاذ تمکنت

;

وہ کون ہے جس کی وحشت پر سنتے ہیں کہ جنگل روتا ہے
ویرانے میں اکثر رات گئے اک شخص ہے پاگل روتا ہے

پھر سن سے کہیں پروائی چلی کھلتے نہیں دیکھی دل کی کلی
یہ جھوٹ ہے برکھا ہوتی ہے یہ سچ ہے کہ بادل روتا ہے

ہے اس کا سراپا دیدۂ تر دنیا کو مگر کیا اس کی خبر
سب کے لیے آنکھیں ہنستی ہیں میرے لیے کاجل روتا ہے

وہ کس کے لیے سنگھار کرے چندن سا بدن یوں روپ بھرے
جب مانگ جھکا جھک ہوتی ہے آئینہ جھلا جھل روتا ہے

بنتی نہیں دل سے شاذؔ اپنی یہ دوست ہے یا دشمن کوئی
ہم ہیں کہ مسلسل ہنستے ہیں وہ ہے کہ مسلسل روتا ہے