EN हिंदी
وہ کم نصیب جو عہد جفا میں رہتے ہیں | شیح شیری
wo kam-nasib jo ahd-e-jafa mein rahte hain

غزل

وہ کم نصیب جو عہد جفا میں رہتے ہیں

اختر ضیائی

;

وہ کم نصیب جو عہد جفا میں رہتے ہیں
عجیب معرض کرب و بلا میں رہتے ہیں

نمود ذوق و بلوغ ہنر کا ذکر ہی کیا
یہاں یہ لوگ تو آہ و بکا میں رہتے ہیں

وداع خلد کے بعد عرصۂ فراق میں ہیں
بہ قید جسم دیار فنا میں رہتے ہیں

وہ صبح و شام مری روح میں ہیں جلوہ نما
دل فگار و الم آشنا میں رہتے ہیں

حصار ذات میں محبوس ہو کے اہل ہوس
فریب حاصل بے مدعا میں رہتے ہیں

بھلا چکے ہیں زمین و زماں کے سب قصے
سخن طراز ہیں لیکن خلا میں رہتے ہیں

امیر شہر کی صحبت کے فیض سے اخترؔ
جناب شیخ اب اونچی ہوا میں رہتے ہیں