EN हिंदी
وہ کج نگاہ نہ وہ کج شعار ہے تنہا | شیح شیری
wo kaj-nigah na wo kaj-shiar hai tanha

غزل

وہ کج نگاہ نہ وہ کج شعار ہے تنہا

حسن نعیم

;

وہ کج نگاہ نہ وہ کج شعار ہے تنہا
بس اک پیمبر جنت نثار ہے تنہا

نہ بلبلوں کی اذاں ہے نہ تتلیوں کا طواف
ابھی چمن میں گل نو بہار ہے تنہا

اٹھائے منت صرصر کہ ناز باد نسیم
ہر ایک حال میں صحرا شکار ہے تنہا

فلک نجوم سے روشن زمیں چراغوں سے
ہجوم نور میں اک شام تار ہے تنہا

جمی ہے بزم مسرت غزال چشموں سے
جسے ملی ہے نظر اشک بار ہے تنہا

ہمیں نے خیمۂ ہجراں میں کاٹ دیں راتیں
ہمیں کو فکر تھی بے حد کہ یار ہے تنہا

چہل پہل ہے بہت یوں تو میکدے میں نعیمؔ
میان جام و سبو بادہ خوار ہے تنہا