EN हिंदी
وفا کی آخری منزل بھی آ رہی ہے قریب | شیح شیری
wafa ki aaKHiri manzil bhi aa rahi hai qarib

غزل

وفا کی آخری منزل بھی آ رہی ہے قریب

صوفی تبسم

;

وفا کی آخری منزل بھی آ رہی ہے قریب
جو اس جگہ بھی نہ تو مل سکے تو میرے نصیب

فغان حق و صداقت کا مرحلہ ہے عجیب
دبے تو بند و سلاسل اٹھے تو دار و صلیب

ترے خیال کا مسکن چمن چمن کا سفر
مری وفا کا نشیمن فقط دیار حبیب

نظر سے بچ کے ملے ہیں وہ بارہا مجھ کو
ہزار بار ہوا ہے یہ دل نظر کا رقیب

الجھ نہ جائیں کہیں اور دل کے افسانے
کہاں حدیث محبت کہاں بیان خطیب

نہ جانے کون سی شے چشم غمگسار میں تھی
کہ جس کو دیکھ کے لرزاں ہوا ہے دست طبیب

ابھی فسردہ ہے ساقی ترا تبسمؔ لب
کسی کی یاد کو لے آؤ مے کدے کے قریب