EN हिंदी
اس کی جانب دیکھتے تھے اور سب خاموش تھے | شیح شیری
uski jaanib dekhte the aur sab KHamosh the

غزل

اس کی جانب دیکھتے تھے اور سب خاموش تھے

سلطان رشک

;

اس کی جانب دیکھتے تھے اور سب خاموش تھے
اس کی آنکھیں بولتی تھیں اور لب خاموش تھے

یوں تو دل والے تھے محفل تھی مگر عالم تھا یہ
اس کا جادو تھا جو حیرت کے سبب خاموش تھے

چاند اک نزدیک سے دیکھا تھا جب سمران میں
ہم بھی کچھ کہتے پر اپنے چشم و لب خاموش تھے

اک سکوت مرگ طاری تھا چمن زادوں کے بیچ
محو خواب خوش دلی تھے مثل شب خاموش تھے

سب کے چہروں پر لکھی تھیں خواہشیں سلطان رشکؔ
یوں تو لب بستہ تھے سارے با ادب خاموش تھے