EN हिंदी
انہیں دیکھتے ہی فدا ہو گئے ہم | شیح شیری
unhen dekhte hi fida ho gae hum

غزل

انہیں دیکھتے ہی فدا ہو گئے ہم

ہنس راج سچدیو حزیںؔ

;

انہیں دیکھتے ہی فدا ہو گئے ہم
محبت میں یوں مبتلا ہو گئے ہم

مرے لب پہ آئی تمنا تو بولے
ہٹو چھوڑ جاؤ خفا ہو گئے ہم

زمانے سے چھپ کر ملے تھے کسی سے
زمانے نے دیکھا جدا ہو گئے ہم

کبھی تو نے سوچا کبھی تو نے سمجھا
ترے ہجر میں کیا سے کیا ہو گئے ہم

رہ عشق میں تھک گئے چلتے چلتے
تو راہی سے خود رہنما ہو گئے ہم

تبسم ہنسی بے رخی بے حجابی
تری ہر ادا پر فدا ہو گئے ہم

حزیںؔ کوئی اتنا بتا دے خدا را
جوانی میں کیوں پارسا ہو گئے ہم