طور پر اپنے کسی دن بھی خور و خواب ہے یاں
زندگانی کا بھلا کون سا اسباب ہے یاں
چاہ سیماب سے سیماب جو جوشاں ہے ہنوز
میں سمجھتا ہوں کہ مدفوں کوئی بیتاب ہے یاں
خم ابرو کی ترے کیونکے نہ تعریف کروں
اس سے بہتر بھی کوئی تیغ سیہ تاب ہے یاں
مقتل عشق کی بھی کیا ہی ہے جائے کھٹکی
کہ نہ سر اور نہ سجدہ ہے نہ محراب ہے یاں
میری تربت کے تو آنگن میں نہ ٹھہرا اک دم
یہ ترے جی میں نہ آیا شب مہتاب ہے یاں
کشتگاں کو تری شمشیر یہی کہتی ہے
کیجیے اس پہ قناعت تو دم آب ہے یاں
اس کو بھی گر نہ فلک دیکھ سکے چر والے
اور تو کیا ہے پریشانی کا اسباب ہے یاں
اعتبارات ہیں یہ ہستیٔ موہومی کے
فی الحقیقت تو کوئی خاں ہے نہ نواب ہے یاں
خاک تربت کی مری دیکھ چمکتی احباب
جی میں کہتے ہیں مگر معدن سیماب ہے یاں
کیا خط عاشق و معشوق کو کوئی سمجھے
کچھ کنایت سی ہے آداب نہ القاب ہے یاں
مصحفیؔ آپ ہی ہم قتل ہیں اپنے ہاتھوں
ورنہ کیں خواہ تو رستم ہے نہ سہراب ہے یاں
غزل
طور پر اپنے کسی دن بھی خور و خواب ہے یاں
مصحفی غلام ہمدانی