تم آ گئے ہو جب سے کھٹکنے لگی ہے شام
ساغر کی طرح روز چھلکنے لگی ہے شام
شاید کسی کی یاد کا موسم پھر آ گیا
پہلو میں دل کی طرح دھڑکنے لگی ہے شام
کچھ تو ہی اپنے خون رمیدہ کی لے خبر
پلکوں پہ قطرہ قطرہ ٹپکنے لگی ہے شام
صحرائے پر سکوت میں کچھ آہوؤں کے ساتھ
پھر کس کی آرزو میں بھٹکنے لگی ہے شام
کیا جانے آج کیوں کسی مزدور کی طرح
سورج غروب ہوتے ہی تھکنے لگی ہے شام
کچھ اور آئنہ میں سنورنے لگے ہیں وہ
جس دن سے ان پہ جان چھڑکنے لگی ہے شام
دوراںؔ سنا ہے صورت گیسوئے عنبریں
امسال پھر چمن میں مہکنے لگی ہے شام
غزل
تم آ گئے ہو جب سے کھٹکنے لگی ہے شام
اویس احمد دوراں