تیرے ملنے سے ہم کو خوشی مل گئی
یوں لگا اک نئی زندگی مل گئی
آپ کے دم سے ہے زندگی زندگی
آپ کیا مل گئے زندگی مل گئی
ہم تو تنہا چلے تھے مگر راہ میں
مل گئے ہم سفر دوستی مل گئی
لوگ تاریکیوں میں بھٹکتے رہے
دل جلا کر ہمیں روشنی مل گئی
زر ملا ہے کسی کو کسی کو زمیں
تیرے در کی ہمیں بندگی مل گئی
آپ کا پیار جب سے ملا ہے ہمیں
مٹ گئے سارے غم ہر خوشی مل گئی
اور کیا چاہیئے تیرے در سے ہمیں
دل کو چھوتی ہوئی شاعری مل گئی

غزل
تیرے ملنے سے ہم کو خوشی مل گئی
شیام سندر نندا نور