EN हिंदी
توبہ کا پاس رند‌ مے آشام ہو چکا | شیح شیری
tauba ka pas rind-e-mai-asham ho chuka

غزل

توبہ کا پاس رند‌ مے آشام ہو چکا

رند لکھنوی

;

توبہ کا پاس رند‌ مے آشام ہو چکا
بس ہو چکا تقدس اسلام ہو چکا

شمع حرم تھا گاہ گہے دیر کا چراغ
میں زیب کفر و رونق اسلام ہو چکا

کوٹھے پہ چلئے لطف‌ شب ماہ دیکھیے
سب چاندنی کا فرش لب بام ہو چکا

دیں دار برہمن کہے کافر بتائے شیخ
دونوں طرف سے مورد الزام ہو چکا

اکثر مشاعرے پہ ہوا بزم غم کا شک
کیا کیا مرے کلام پہ کہرام ہو چکا

قرآں اٹھاتے ہیں طمع زر کے واسطے
دیں دار اگر یہی ہیں تو اسلام ہو چکا

کعبے کو جاتے جاتے پھرے سوئے دیر رندؔ
لو حج کر آئے آپ اور احرام ہو چکا