EN हिंदी
تصویر روئے یار دکھانا بسنت کا | شیح شیری
taswir-e-ru-e-yar dikhana basant ka

غزل

تصویر روئے یار دکھانا بسنت کا

جتیندر موہن سنہا رہبر

;

تصویر روئے یار دکھانا بسنت کا
اٹکھیلیوں سے دل کو لبھانا بسنت کا

ہر سمت سبزہ زار بچھانا بسنت کا
پھولوں میں رنگ و بو کو لٹانا بسنت کا

رشک جناں چمن کو بنانا بسنت کا
ہر ہر کلی میں رنگ دکھانا بسنت کا

پیغام لطف خاص سنانا بسنت کا
دریائے فیض عام بہانا بسنت کا

قدرت کی برکتیں ہیں خزانہ بسنت کا
کیا خوب کیا عجیب زمانہ بسنت کا

دل کو بہت عزیز ہے آنا بسنت کا
رہبرؔ کی زندگی میں سمانا بسنت کا