EN हिंदी
طالب دید پہ آنچ آئے یہ منظور نہیں | شیح شیری
talib-e-did pe aanch aae ye manzur nahin

غزل

طالب دید پہ آنچ آئے یہ منظور نہیں

صفی لکھنوی

;

طالب دید پہ آنچ آئے یہ منظور نہیں
دل میں ہے ورنہ وہ بجلی جو سر طور نہیں

دل سے نزدیک ہیں آنکھوں سے بھی کچھ دور نہیں
مگر اس پہ بھی ملاقات انہیں منظور نہیں

ہم کو پروانہ و بلبل کی رقابت سے غرض
گل میں وہ رنگ نہیں شمع میں وہ نور نہیں

خلوت دل نہ سہی کوچۂ شہہ رگ ہی سہی
پاس رہ کر نہ سہی آپ سے کچھ دور نہیں

ذوق پابند وفا کیوں رہے محروم جفا
عشق مجبور سہی حسن تو مجبور نہیں

تابش حسن نے جب ڈال دیے ہوں پردے
ممکن آنکھوں سے علاج دل رنجور نہیں

لاؤ مے خانے ہی میں کاٹ نہ دیں اتنی رات
مسجدیں ہو گئیں معمور یہ معمور نہیں

چھیڑ دے ساز انا الحق جو دوبارہ سر دار
بزم رنداں میں اب ایسا کوئی منصور نہیں

کبھی کیسے ہو صفیؔ پوچھ تو لیتا کوئی
دل دہی کا مگر اس شہر میں دستور نہیں