سورج کی کرن کا شعبدہ ہے
رنگ رخ زرد اڑ گیا ہے
نقش کف پا نے گل کھلائے
ویراں کہاں اب یہ راستہ ہے
جاگ اٹھی ہیں زندگی کی راہیں
شاید کوئی چاند کو گیا ہے
شعلوں سے ہوا تھا باغ خالی
پھر سینۂ گل بھڑک اٹھا ہے
پتے پتے کا رنگ بدلا
بدلی بدلی ہوئی فضا ہے
پہلے تو نہ یوں کبھی ہوا تھا
تو بھی مجھے دیکھ کر ہنسا ہے
بے گانگی نے یہ راز کھولا
تو میرا ازل سے آشنا ہے
شبنم سر نوک خار یعنی
لب پہ مرے حرف مدعا ہے
ہر درد نہیں دوا کا محتاج
یوں بھی تو علاج غم ہوا ہے
تیرا ہی رہے گا بول بالا
دل میرا عبث دھڑک رہا ہے
غزل
سورج کی کرن کا شعبدہ ہے
قیوم نظر