EN हिंदी
سلگتی ریت کی قسمت میں دریا لکھ دیا جائے | شیح شیری
sulagti ret ki qismat mein dariya likh diya jae

غزل

سلگتی ریت کی قسمت میں دریا لکھ دیا جائے

عتیق انظر

;

سلگتی ریت کی قسمت میں دریا لکھ دیا جائے
مجھے ان جھیل سی آنکھوں میں رہنا لکھ دیا جائے

تری زلفوں کے سائے میں اگر جی لوں میں پل دو پل
نہ ہو پھر غم جو میرے نام صحرا لکھ دیا جائے

مرا اور اس کا ملنا اب تو نا ممکن سا لگتا ہے
اسے سورج مجھے شب کا ستارا لکھ دیا جائے

اکیلا میں ہی کیوں آخر سجاؤں پلکوں پہ تارے
کبھی اس کی بھی پلکوں پہ ستارا لکھ دیا جائے

مجھے چھوڑا ہے تپتی دھوپ میں جس شخص نے تنہا
اسے بھی غم کی دنیا میں اکیلا لکھ دیا جائے

جو شب خوں مارتا ہے میری بستی کے اجالوں پر
مقدر اس کے بھی گھر کا اندھیرا لکھ دیا جائے

کہیں بجھتی ہے دل کی پیاس اک دو گھونٹ سے انظرؔ
میں سورج ہوں مرے حصے میں دریا لکھ دیا جائے