شعلۂ درد بعنوان تجلا ہی سہی
لطف دیوانگی و ذوق تماشا ہی سہی
دل نہیں لذت دیدار سے سرشار اگر
وحشت جاں ہی سہی حسرت جلوہ ہی سہی
یہ بھی کیا کم ہے کہ امید کرم میں گزرے
رسم و آئین وفا دہر میں عنقا ہی سہی
کچھ تو ہے جس سے ہے قندیل غزل تابندہ
فکر امروز و پریشانیٔ فردا ہی سہی
ہجر میں کھلتے ہیں اسرار محبت کیا کیا
غم میں یہ معجزہ حسن مسیحا ہی سہی
ان کے دامن پہ کوئی داغ نہ آنے پائے
میں ہر اک رنگ ہر اک حال میں رسوا ہی سہی
پھر بھی ہے وجہ قرار دل مضطر حافظؔ
وہ عدو دین کا دشمن مری جاں کا ہی سہی
غزل
شعلۂ درد بعنوان تجلا ہی سہی
حافظ لدھیانوی