EN हिंदी
شوق پھر کوچۂ جاناں کا ستاتا ہے مجھے | شیح شیری
shauq phir kucha-e-jaanan ka satata hai mujhe

غزل

شوق پھر کوچۂ جاناں کا ستاتا ہے مجھے

وحشتؔ رضا علی کلکتوی

;

شوق پھر کوچۂ جاناں کا ستاتا ہے مجھے
میں کہاں جاتا ہوں کوئی لیے جاتا ہے مجھے

جلوہ کس آئینہ رو کا ہے نگاہوں میں کہ پھر
دل حیرت زدہ آئینہ بناتا ہے مجھے

عاشقی شیوہ لڑکپن سے ہے اپنا ناصح
کیا کروں میں کہ یہی کام کچھ آتا ہے مجھے

لطف کر لطف کہ پھر مجھ کو نہ دیکھے گا کبھی
یاد رکھ یاد کہ تو در سے اٹھاتا ہے مجھے

وحشتؔ اس مصرع جرأت نے مجھے مست کیا
کچھ تو بھایا ہے کہ اب کچھ نہیں بھاتا ہے مجھے