EN हिंदी
شہر میری مجبوری گاؤں میری عادت ہے | شیح شیری
shahr meri majburi ganw meri aadat hai

غزل

شہر میری مجبوری گاؤں میری عادت ہے

ناظم نقوی

;

شہر میری مجبوری گاؤں میری عادت ہے
ایک سانحہ مجھ پر اک مری وراثت ہے

یہ بھی اک کرشمہ ہے بیسویں صدی تیرا
موت کے شکنجے میں زندگی سلامت ہے

پھر انیسؔ ممبر پر مرثیہ پڑھیں آ کر
کربلا یہ دنیا ہے ہر گھڑی شہادت ہے

جیسے چاہے جی لیجے پھینکیے یا پی لیجے
زندگی تو ہر گھر میں چار دن کی مہلت ہے

وقت کے بدلنے سے دل کہاں بدلتے ہیں
آپ سے محبت تھی آپ سے محبت ہے

مسکرا کے کھل جانا کھل کے پھر بکھر جانا
ان دنوں تو پھولوں میں آپ سی شرارت ہے

ایک صدا یہ آتی ہے میری خواب گاہوں میں
دل کو چین آ جانا درد کی علامت ہے

تو گیا نمازوں میں میں گیا جوازوں میں
وہ تری عبادت تھی یہ مری عبادت ہے

میری رائے پوچھو تو یہ بری بھلی دنیا
آپ جتنے اچھے ہیں اتنی خوبصورت ہے