EN हिंदी
سگ لیلیٰ کے نقش پا ہیں ہم | شیح شیری
sag-e-laila ke naqsh-e-pa hain hum

غزل

سگ لیلیٰ کے نقش پا ہیں ہم

معروف دہلوی

;

سگ لیلیٰ کے نقش پا ہیں ہم
یعنی مجنوں کے رہنما ہیں ہم

کیوں نہ ہو دشمنوں کے گھر ماتم
دوست کے کشتۂ جفا ہیں ہم

تم کو دل کی بھی ہے کسو کے خبر
دل میں خوش ہو کہ دل ربا ہیں ہم

جس قدر ہم کو سمجھئے بے قدر
قدر میں اس سے بھی سوا ہیں ہم

کیوں نہ مٹی خراب ہو اپنی
اس خرابات کی بنا ہیں ہم

کس سے رکھیے غبار اے معروفؔ
ایک عالم کی خاک پا ہیں ہم