سارا قصہ تمام کر لیجے
آپ پہلے سلام کر لیجے
نفرتوں سے بھری ہے یہ دنیا
دل کے اندر قیام کر لیجے
ہم بھی تو اس خدا کے بندے ہیں
ہم سے بھی رام رام کر لیجے
اک طریقہ ہے جنگ رکنے کا
جنگ خود پہ حرام کر لیجے
مولوی آسماں کی کہتا ہے
آپ دنیا کے کام کر لیجے
غزل
سارا قصہ تمام کر لیجے
ناظم نقوی