EN हिंदी
صاحب تاج بصیرت ہوں میں دیوانہ سہی | شیح شیری
sahib-e-taj-e-basirat hun main diwana sahi

غزل

صاحب تاج بصیرت ہوں میں دیوانہ سہی

مختار ہاشمی

;

صاحب تاج بصیرت ہوں میں دیوانہ سہی
فکر شاہانہ ہے انداز فقیرانہ سہی

ذکر کعبہ نہ سہی قصۂ بت خانہ سہی
حسن تفہیم سلامت کوئی افسانہ سہی

منعکس ذہن و نظر میں ہیں خد و خال ترے
تجھ کو سمجھا تو بہت ہے تجھے دیکھا نہ سہی

سجدہ پابند تعین تو نہیں دیوانے
ہے اگر باب حرم بند تو بت خانہ سہی

حور و کوثر کے تصور سے کہاں تک بہلیں
نار امروز ہی دے جنت فردا نہ سہی

نگۂ دل کے روابط سے ہم آہنگ تو ہے
میری دنیا تری دنیا سے جداگانہ سہی

منفرد پھر بھی ہے اے حسن حقیقت اس کی
زندگی عشق کی عنوان صد افسانہ سہی