رشتوں کا اپنا پن جھوٹ
آشاؤں کا ساون جھوٹ
دل ہی آسودہ جو نہیں
پھول بھرا ہر آنگن جھوٹ
اس کا من جب کالا ہے
چہرے کا اجلا پن جھوٹ
اس کا چہرہ چاند نہیں
بولے دل کا درپن جھوٹ
دھرتی کی عظمت جو نہ ہو
مٹی کا سوندھا پن جھوٹ
جدت ندرت جان غزل
لفظوں کا تیکھا پن جھوٹ
جس میں خوشیاں جنم نہ لیں
مہدیؔ وہ گھر آنگن جھوٹ

غزل
رشتوں کا اپنا پن جھوٹ
مہدی پرتاپ گڑھی