EN हिंदी
رفاقت کی یہ خواہش کہہ رہی ہے | شیح شیری
rifaqat ki ye KHwahish kah rahi hai

غزل

رفاقت کی یہ خواہش کہہ رہی ہے

ضیاء المصطفیٰ ترکؔ

;

رفاقت کی یہ خواہش کہہ رہی ہے
کئی دن سے وہ مجھ میں رہ رہی ہے

پکارا ہے کچھ ایسے نام میرا
رگوں میں روشنی سی بہہ رہی ہے

تعجب ہے کہ میری انگلیوں میں
تری ہاتھوں کی خوشبو رہ رہی ہے

سمجھ پایا نہیں پر سن رہا ہوں
وہ سرگوشی میں کیا کیا کہہ رہی ہے

تری خواہش کسی امکاں کی صورت
ہمیشہ مجھ میں تہہ در تہہ رہی ہے

میں اس کی چھاؤں میں ہوں ترکؔ لیکن
وہ میری دھوپ کیسے سہہ رہی ہے