EN हिंदी
رات کے رہنے کا نہ ڈر کیجیے | شیح شیری
raat ke rahne ka na Dar kijiye

غزل

رات کے رہنے کا نہ ڈر کیجیے

مصحفی غلام ہمدانی

;

رات کے رہنے کا نہ ڈر کیجیے
ایک تو شب یاں بھی سحر کیجیے

لوگ کہیں گے تمہیں ہرجائی ہے
دل میں اک عالم کے نہ گھر کیجیے

دیکھتے ہو میری طرف کیا میاں
اپنی بھی صورت پہ نظر کیجیے

آ ہی لیا بے خبری نے ہمیں
کون ہے یاں کس کو خبر کیجیے

غیر کو جا دیتے ہو گھر میں اگر
میرے تئیں شہر بدر کیجیے

دیکھ نگاہیں تری کہتی ہے خلق
ایسی نگاہوں سے حذر کیجیے

پھر نہیں ملنا ترا مشکل میاں
جاں کا گر اپنی ضرر کیجیے

منزل ہستی میں بہت ہم رہے
مصحفیؔ اب یاں سے سفر کیجیے