پھول کو خار لکھیں خار کو شبنم لکھیں
زخم گہرا ہو تو آسودۂ مرہم لکھیں
نرم الفاظ ہی تحریر کے شائندہ ہیں
یہ مناسب ہے کہ کاغذ کو بھی ریشم لکھیں
ایک اک حرف سے خوشبوئے بہاراں جاگے
سادے کاغذ پہ کبھی پھول اگر ہم لکھیں
غم کو رنگین بنا دیں گے محبت کے خطوط
آپ کچھ ہم کو لکھیں آپ کو کچھ ہم لکھیں
حسن اجمال میں تفسیر کے پہلو ہیں بہت
کچھ زیادہ بھی اگر لکھنا ہو تو کم لکھیں

غزل
پھول کو خار لکھیں خار کو شبنم لکھیں
مطرب نظامی