EN हिंदी
پھول بکھراتی ہر اک موج ہوا آتی ہے | شیح شیری
phul bikhraati har ek mauj-e-hawa aati hai

غزل

پھول بکھراتی ہر اک موج ہوا آتی ہے

صابر دت

;

پھول بکھراتی ہر اک موج ہوا آتی ہے
آپ آتے ہیں کہ گلشن میں صبا آتی ہے

آپ کے رخ سے برستا ہے سحر کا جوبن
آپ کی زلف کے سائے میں گھٹا آتی ہے

آپ کے ہاتھ جو چھو جائیں کسی ڈالی سے
گل ہی کیا خار سے بھی بوئے حنا آتی ہے

آپ لہرا کے نہ یوں دودھیا آنچل کو چلیں
مسکراتے ہوئے پھولوں کو حیا آتی ہے

آپ کو کیوں نہ تراشا گیا میرے دل سے
سنگ مرمر سے ہمیشہ یہ صدا آتی ہے