EN हिंदी
پلٹ کر دیکھنے کا مجھ میں یارا ہی نہیں تھا | شیح شیری
palaT kar dekhne ka mujh mein yara hi nahin tha

غزل

پلٹ کر دیکھنے کا مجھ میں یارا ہی نہیں تھا

ارشد جمال صارمؔ

;

پلٹ کر دیکھنے کا مجھ میں یارا ہی نہیں تھا
نہیں ایسا کہ پھر اس نے پکارا ہی نہیں تھا

سمندر کی ہر اک شے پر ہماری دسترس تھی
کہ طغیانی بھی اپنی تھی کنارہ ہی نہیں تھا

وہ اک لمحہ سزا کاٹی گئی تھی جس کی خاطر
وہ لمحہ تو ابھی ہم نے گزارہ ہی نہیں تھا

وہ بن کر چاند تب اترا تھا اس دل کی زمیں پر
محبت کا جب آنکھوں میں ستارہ ہی نہیں تھا

ورائے جسم تھا کچھ اور بھی اس کے جلو میں
فقط وہ روشنی کا استعارہ ہی نہیں تھا

جنوں کے پاؤں میں چھن کیسی در آئی کہ میں نے
ابھی وحشت کو صحرا میں اتارا ہی نہیں تھا