EN हिंदी
پڑیں یہ کس کے جلوے پر نگاہیں | شیح شیری
paDin ye kis ke jalwe par nigahen

غزل

پڑیں یہ کس کے جلوے پر نگاہیں

شرف مجددی

;

پڑیں یہ کس کے جلوے پر نگاہیں
نگاہیں بن گئیں خود جلوہ گاہیں

کہے مجھ سے نہ کوئی ضبط غم کو
ابھی منہ سے نکل جائیں گی آہیں

سلوک اپنا ہے ان کے نقش پا پر
یہی ہیں منزل عرفاں کی راہیں

انہیں دیکھیں وہ دیکھیں یا نہ دیکھیں
انہیں چاہیں وہ چاہیں یا نہ چاہیں

چلائے تھے جنہوں نے تیر دل پر
ہم آنکھوں میں لئے ہیں وہ نگاہیں

نتیجہ ہے یہ آہیں کھینچنے کا
ہمیں کھینچے لئے پھرتی ہیں آہیں

شرفؔ کس نے یہ ڈالی آنکھ میں آنکھ
نگاہوں سے نکل آئیں نگاہیں