EN हिंदी
نیل گگن میں تیر رہا ہے اجلا اجلا پورا چاند | شیح شیری
nil-gagan mein tair raha hai ujla ujla pura chand

غزل

نیل گگن میں تیر رہا ہے اجلا اجلا پورا چاند

ندا فاضلی

;

نیل گگن میں تیر رہا ہے اجلا اجلا پورا چاند
ماں کی لوری سا بچے کے دودھ کٹورے جیسا چاند

منی کی بھولی باتوں سی چٹکیں تاروں کی کلیاں
پپو کی خاموشی شرارت سا چھپ چھپ کر ابھرا چاند

مجھ سے پوچھو کیسے کاٹی میں نے پربت جیسی رات
تم نے تو گودی میں لے کر گھنٹوں چوما ہوگا چاند

پردیسی سونی آنکھوں میں شعلے سے لہراتے ہیں
بھابی کی چھڑیوں سا بادل آپا کی چٹکی سا چاند

تم بھی لکھنا تم نے اس شب کتنی بار پیا پانی
تم نے بھی تو چھجے اوپر دیکھا ہوگا پورا چاند